پاکستان میں سولر پینل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پرپہنچ گئیں


صرف ایک سال میں پاکستان میں 8 ہزار میگاواٹ سولر پینلز درآمد ہوئے، وفاقی وزیر کا انکشاف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سولر پینل کی قیمت کے حوالے سے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ واضح رہے گزشتہ ماہ اگست میں پاکستان میں سولر پینل کی قیمتیں کم ہو کر فی واٹ قیمت 30 روپے سے 32 روپے تک آگئی تھیں۔
اس سے قبل رواں برس اپریل میں فی واٹ قیمت 39 سے 40 روپے ہوگئی تھی جس کے بعد مئی میں اس میں قدرے کمی دیکھی گئی تھی اور دو سال قبل 80 روپے فی واٹ میں ملنے والی سولر پینل پلیٹ 37 روپے میں دستیاب ہونے لگا تھا۔
سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی مقامی مارکیٹ میں اضافی سپلائی اور بین الاقوامی نرخوں میں کمی کے باعث ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اب سولر پینلز کے فی واٹ نرخ کم ہوکر 28 روپے تک آگئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر اویس لغاری نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ صرف ایک سال میں پاکستان میں 8 ہزار میگاواٹ سولر پینلز درآمد ہوئے۔
اتنی بڑی مارکیٹ کے سبب ہی کچھ کمپنیز پاکستان میں سولر انورٹر لگانے کا پلانٹ نصب کرنے کی منصوبہ بندی میں ہیں کیونکہ سولر سسٹم کی مقامی تیاری سے کچھ زرمبادلہ ضرور بچے گا۔
اگر سولر سسٹم کیوآر کوڈ تصدیق کے ساتھ، اس کی معیاری انسٹالیشن اور صفائی کا خاص خیال رکھا جائے تو یہ آپ کا کئی سالوں تک ساتھ دے سکتا ہے۔