معاہدے پر عدم عملدرآمد: جماعت اسلامی نے ملک گیر دھرنوں کی کال دیدی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت کی جانب سے راولپنڈی معاہدہ پر عمل درآمد نہ کرنے کیخلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اتوار 29 ستمبر کو پورے ملک میں شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے اور مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
جماعت اسلامی کل ملک بھر میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بھی کرے گی۔
سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کراچی میں دھرنا سے خطاب کریں گے۔ کراچی میں 12 مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے سے نائب امیر میاں اسلم خطاب کریں گے۔نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر صوبہ وسطی پنجاب جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بیکھے وال موڑ لاہور پر ہونے والے دھرنے سے خطاب کریں گے۔
امیر صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم گجرات میں ہونے والے دھرنے سے خطاب کریں گے، ملتان گھنٹہ گھر چوک میں ہونے والے دھرنا سے امیر صوبہ جنوبی پنجاب راؤ ظفر و دیگر مقامی قیادت خطاب کرے گی۔
امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی عمر کوٹ جب کہ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ لاڑکانہ میں ہونے والے دھرنے اور مظاہرے سے خطاب کریں گے۔ حیدرآباد، گھوٹکی، نواب شاہ، ٹھٹہ، کندھ کوٹ، سکرنڈ، بدین میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے۔
فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، شیخوپورہ، بہاولپور، ڈی جی خان، تونسہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کی شاہراہوں پر دھرنے ہوں گے۔
بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی عبدالحق ہاشمی، جب کہ گوادر میں ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ خطاب کریں گے۔
امیر صوبہ کے پی پروفیسر محمد ابراہیم بنوں میں جب کہ قیم صوبہ مردان میں بڑے دھرنوں سے خطاب کریں گے۔ پشاور ہشت نگری پر دھرنا دیا جائے گا جس سے جماعت اسلامی کی قیادت خطاب کرے گی۔