اسلام آباد

علی امین گنڈاپور نے لاؤلشکر کے ساتھ انقلاب لانے کی کوشش کی، عظمیٰ بخاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جلسے کی آڑ میں فساد اور تماشا نہیں لگانے دیں گے۔ پنجاب میں بدمعاشی، غنڈا گردی اور دہشتگردی کی اجازت نہیں۔ اگر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔ علی امین گنڈاپور نے کل لاؤ لشکر کے ساتھ انقلاب لانے کی کوشش کی، ان کی نجی فورس نے کانچ کے ٹکڑے مارے جس سے 25 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حالات خرابی کی ذمہ داری علی امین گنڈاپور پر عائد ہوگی۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کی سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی کوبھی احتجاج کے نام پر سڑکیں اور چوراہے بند کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب لاوراث نہیں، مریم نواز کو رِٹ برقرار رکھنی آتی ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی چاہتا ہے کہ پنجابی اور پختون آپس میں لڑیں۔ علی امین گنڈا پور 7گھنٹے تک نواز شریف کی بنائی موٹروے پر سفر کرتے رہے۔ جو پنجاب میں آکر قانون ہاتھ میں لے گا ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ احتجاج کرنا ہے تو کے پی میں کریں کیوں پیٹرول جلا کر پنجاب آتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے کاہنہ میں بھی غنڈا گردی کی کوشش کی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قاسم سوری، اسدقیصر اور دیگر کل سوشل میڈیا پر انقلاب لا رہے تھے۔ خیبر پختونخوا میں یونیورسٹیاں 25 سے کم کرکے 12 کر دی گئی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 30 ہزار 727 آسامیاں خالی ہیں۔ پنجاب میں نئے سکول بنائے جارہے ہیں بھرتیاں ہو رہی ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے جعلی قسم کا ویڈیو بیان جاری کیا، پنجاب نے پی ٹی آئی کو ہر ایونٹ میں مسترد کردیا۔ کل پنجاب بھر میں راولپنڈی کے لیے کوئی موومنٹ نظر نہیں آئی۔ فتنہ پربا کرنے والوں کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہورہی یہ اس سے جلتے ہیں۔ پنجاب میں علی امین گنڈا پور کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی۔ کوئی غنڈہ گردی کرے گا تو قانون حرکت میں آئے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل بلوچستان میں بہت افسوسناک واقعہ پیش آیا، دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔ بلوچستان اور پنجاب کے شہریوں کو آپس میں لڑانے کی سازش ہو رہی ہے۔

متعلقہ خبریں