ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشتگردی کا مقابلہ کیسے کیا جائے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشتگردی آئندہ بدھ 2 اکتوبر 2024 کو (ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے دہشت گردی کا مقابلہ: مستقبل کا وژن) کے عنوان سے ایک اہم علمی کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔ یہ تقریب اتحاد کے مرکزی دفتر، ریاض میں منعقد ہوگی۔
کانفرنس میں اسلامی اتحاد کے رکن ممالک کے مفکرین، صحافی اور محققین شرکت کریں گے، جبکہ اقوام متحدہ کے انسداد دہشتگردی مرکز اور دیگر عالمی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔
اتحاد کے سیکریٹری جنرل، میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے کہا کہ یہ کانفرنس دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف علمی تیاریوں کو مضبوط کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔ کانفرنس میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے کردار اور جدید تحقیقاتی مراکز کے ذریعے انتہا پسندی کے نظریات کا مقابلہ کرنے پر غور کیا جائے گا۔
کانفرنس کا ایک اہم حصہ دہشتگردی کی مالی معاونت اور اس سے جڑے قوانین پر مرکوز ہوگا، جہاں جدید حکمت عملیوں پر گفتگو کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، رکن ممالک کے درمیان تعاون اور بہترین تجربات کا تبادلہ بھی ہوگا تاکہ بین الاقوامی سطح پر انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔