خیبر پختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم ہے، لوٹ مار پر وزرا لڑ رہے ہیں، انجینیئر امیر مقام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیربرائے سیفران انجینیئر امیر مقام نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا مسائلستان بن گیا ہے حالات دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے، پورے صوبے میں کرپشن اور لوٹ مار چل رہی ہے، لوٹ مار میں حصے پر وزرا آپس میں لڑ رہے ہیں۔
اتوار کو اپنے ایک خطاب میں انجینیئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا نقصان پورے ملک کا نقصان ہے، یہاں اتنے مسائل ہیں کہ پورا صوبہ غیر یقینی کی صورت حال سے دو چار ہے، دہشتگردی اور لاقانونیت کا یہ حال ہے کہ جنوبی اضلاع میں کوئی شام کے بعد گھر سے باہر نہیں نکل سکتا۔ تھانوں، پولیس وین اور سفیروں کے قافلوں پر حملے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے قرضوں میں ہر روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں، وزیر اعلیٰ کے اپنے اور دیگر اضلاع میں سیکیورٹی کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے، لوگ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے ڈرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد بہت سے اختیارات صوبوں کو دیے گئے لیکن خیبر پختونخوا میں اس کے کوئی خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے، خیبر پختونخوا میں کرپشن اور لوٹ مار چل رہی ہے، کرپشن اور لوٹ مار میں حصے پر وزرا آپس میں لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے اسپتالوں میں ادویات اور سہولیات موجود نہیں ہیں، کے پی کے میں تعلیم کے حالات بھی اچھے نہیں، اسکولوں میں اساتذہ تک موجود نہیں ہیں، یونیورسٹیوں اور کالجوں میں وائس چانسلرز کے مسائل ہیں۔اس وقت خیبر پختونخوا کے حالات دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔