’بالی ووڈ کی نقالی پاکستانی اداکاراؤں کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی‘ حبا بخاری کی ویڈیو پر صارفین کے تبصرے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ حبا بخاری ان دنوں ’ہم اسٹائل ایوارڈز‘ کے لیے لندن میں موجود ہیں، جہاں پر بنائی گئی ان کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہورہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
’ہم اسٹائل ایوارڈز‘ کے دوران حبا بخاری کی بنائی گئی اس مختصر ویڈیو میں انہیں واضح طور پر حمل سے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
ایک صارف نے حبا بخاری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایسی بھی کیا مجبوری تھی، یا بالی ووڈ کی نقل کرتے ہوئے اپنی روایات کو بھول گئے ہیں۔
عصمت حامد نے طنزاً لکھا کہ کوا چلا ہنس کی چال اور اپنی بھی بھول گیا ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کی نقالی پاکستانی اداکاراؤں کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی۔
جہاں کئی صارفین ان پر تنقید کرتے نظر آئے وہیں ایک صارف نے لکھا کہ حبا بخاری اپنی اقدار اور خواہشات کے مطابق جس چیز کا بھی انتخاب کرتی ہیں وہ اسے منتخب کرنے کے لیے آزاد ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ حبا بخاری اور ان کے شوہر آریز احمد نے اپنے یوٹیوب چینل پر لائیو سیشن کیا جس میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار جوڑے نے اپنے ہاں ننھے مہمان کی متوقع آمد بارے مداحوں کو آگاہ کیا۔
حبا بخاری نے اپنے مداحوں سے کہا کہ ’میرے پرستار میرے لیے بہت قیمتی ہیں، ہاں میں حاملہ ہوں اور میں اور آریز جلد ہی والدین بننے والے ہیں‘۔
حمل کی خبروں کو چھپانے کی وجہ بتاتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ شوٹنگز میں مصروف تھیں اور انہیں اپنے کیے ہوئے وعدوں کو پورا کرنا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن گئے جب لوگ حمل کے دوران گھر میں رہتے تھے، اب آپ کو حمل کے دنوں میں کام کرنا چاہیے، اگر آپ اسے آسانی سے سنبھال سکتے ہیں۔
حبا کا مزید کہنا تھا کہ وہ یہ خبر ایک ویڈیو کے ذریعے اپنے مداحوں کو دینا چاہتی تھیں لیکن یہ پہلے ہی سب کے سامنے آچکی ہے اور آپ لوگ اس کے بارے میں جانتے ہیں، خبر سامنے آنے کے بعد جس طرح مداحوں اور سب نے ہمارا ساتھ دیا اس پر وہ خوش ہیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے رواں ماہ کے آغاز میں بتایا تھا کہ حبا بخاری حمل سے ہیں اور انہیں یہ بات اداکارہ کے شوہر نے خود بتائی تھی۔
اب لندن سے ان کی وائرل ویڈیوز میں انہیں ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اپنے بچے کی متوقع پیدائش پر اداکارہ نے کوئی وضاحت نہیں کی۔
واضح رہے کہ حبا بخاری نے آریز احمد سے جنوری 2022 میں شادی کی تھی۔