ممبئی(قدرت روزنامہ) بھارتی حکومت نے بالی ووڈ کے سینئر اداکار متھن چکرورتی کوبھارتی سینما انڈسٹری کے سب سے بڑے ‘ دادا صاحب پھالکے’ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے .
بھارت کے وزیراطلاعات و نشریات ایشونی وشنو نے ایکس( ٹوئٹر) پر بیان میں کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخرہورہا ہے کہ لیجنڈ اداکار متھن چکرورتی کو بھارتی سینما کے لیے شاندار خدمات انجام دینے پر دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا .
یہ ایوارڈ 8 اکتوبر کو 70 ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب میں دیا جائے گا .
اداکار متھن چکرورتی نے اس بارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں جن کے ذریعے اپنے احساسات بیان کرسکوں . میں بے حد خوش ہوں اور اپنا ایوارڈ اپنی فیملی اور مداحوں کے نام کرتا ہوں . متھن چکرورتی کو بالی ووڈ میں کام کرتے ہوئے 48 سال کا عرصہ ہوگیا ہے . انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کی شروعات 1976 میں ریلیز ہوئی فلم ‘ مریگیا’ سے کی تھی . بھارتی فلم انڈسٹری کو پہلی 100 کروڑ کی فلم ‘ڈسکو ڈانسر’ دینے کا اعزاز بھی متھن چکرورتی کے پاس ہے .