آئیفا ایوارڈز میں ٹیلی پرامٹر کی مدد سے تقریر، شاہ رخ خان کی نئی ویڈیو وائرل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان ابوظہبی میں منعقدہ انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز (آئیفا) میں بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے آئیفا ایوارڈز کی تقریب کے دوران میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دیے۔ دوران میزبانی شاہ رخ خان ٹیلی پرامٹر کا استعمال کرتے رہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔
ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔
ایک صارف نے کہا کہ جب آپ نئے نئے ہوں اور ایوارڈ شو کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہوں توایسے ہی تبصرے کرتے ہیں، صارف کا کہنا تھا کہ ہر کوئی پرامٹر استعمال کرتا ہے اور ایوارڈ شوز میں اس کا استعمال 20-25 سال سے جاری ہے۔
آروش نامی صارف نے کہا کہ پرامٹر استعمال کرنے کے بعد شاہ رخ خان کو بھارت کا وزیراعظم بنا دینا چاہیے۔
ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ جب ملک کا وزیراعظم ایک اداکار کی طرح کام کرتا ہے تو حقیقی اداکاروں کو پرامٹر استعمال کرتے دیکھنے کے بعد آپ کو صدمہ نہیں پہنچنا چاہیے۔
نشو نامی صارف نے لکھا کہ ہمیں آگاہ کرنے کا شکریہ کیونکہ کسی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ ایوارڈ شو بھی اسکرپٹڈ ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ ابو ظہبی میں ہونے والی شاندار آئیفا ایوارڈز 2024 کی تقریب میں بھارتی سنیما کے بہترین اداکاروں کو ایوارڈز سے نوازا گیا، جس میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان، رانی مکھرجی، رنبیر کپور کی فلم اینیمل، ہیما مالنی، انیل کپور جیسی کئی بڑی شخصیات کے نام شامل ہیں۔
بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے ہفتے کو انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی (آئیفا) ایوارڈز میں بہترین اداکار کا ایوارڈ جیت لیا۔ انہیں فلم ’جوان‘ میں زبردست اداکاری پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ لینے کے بعد اپنی تقریر میں شاہ رخ خان نے کہا ’یہاں واپس آنا اچھا لگا، مجھے ایوارڈز پسند ہیں۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ آئیفا انڈین سنیما ایک جشن ہے اور سالوں سے اس کے سفر کا حصہ بننا ان کے لیے حیرت انگیز رہا ہے۔ انہیں اس سال زیادہ خوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ انہوں نے طویل عرصے بعد دوبارہ کام کیا ہے۔