ہم اسٹائل ایوارڈ 2024 کس کے نام رہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہم ایوارڈز پاکستان کے بڑے ایوارڈ شوز میں سے ایک ہے۔ اس سال یہ شو لندن میں منعقد کیا گیا جہاں بہت سے بڑے ستاروں نے اس تقریب میں شرکت کی جس میں ماہرہ خان، عاطف اسلم، فرحان سعید، کبریٰ خان، ہانیہ عامر اور دیگر نے پرفارم بھی کیا اور پاکستانی فنکاروں نے مختلف اعزاز اپنے نام کیے۔
سامعہ ممتاز:
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سنیئر اداکارہ سامعہ ممتاز کو ڈرامہ سیریل ’سنگ ماہ‘ میں بہترین معاون اداکارہ کا اعزاز ملا۔
ثانیہ سعید:
سینیئر اداکارہ ثانیہ سعید کو ڈرامہ سیریل ’سنگ ماہ‘ میں متاثر کن کردار ادا کرنے پر بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یمنیٰ زیدی:
ڈراما سیریل ’بختاور‘ میں بختو نامی لڑکی کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ہردلعزیز اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بیسٹ ایکٹر فیمیل کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
سید جبران:
اداکار سید جبران اپنی لازوال اداکاری کے لیے مشہور ہیں تاہم انہیں ڈراما سیریل ’نیم‘ میں منفی کردار کو انتہائی خوبصورتی سے پیش کرنے پر بیسٹ ایکٹر ان نیگیٹینو رول کے لیے منتخب کیا گیا اور اعزاز سے نوازا گیا۔
حمزہ سہیل اور سحر خان:
ڈراما سیریل ’فیری ٹیل 2’ کی جوڑی حمزہ سہیل اور سحر خان کو بہترین آن اسکرین جوڑی کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا جنہوں نے اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے تھے۔
ماورا حسین:
اداکارہ ماورا حسین ڈرامہ سیریل ’نیم‘ میں بہترین اداکاری کرنے پر بیسٹ ایکٹر فیمیل کا ایوارڈ اپنے نام کیا، اداکارہ نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ایوارڈ سے نوازے جانے پر خوشی کا اظہارکیا انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ،’بہترین رات، بہترین سالگرہ، الحمداللہ‘۔
عاطف اسلم:
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بہترین پرفارمنس کے سبب ایک اور ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ عاطف اسلم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہیں اپنے ایوارڈ کیساتھ کیمرے کے سامنے پوز دیتے دیکھا گیا۔
مامیا شاہ جعفر:
مامیا شاہ جعفر کو ڈرامہ سیریل ’کالج گیٹ‘ میں بہترین اداکاری کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ساحر علی بگا:
ڈرامہ سیریل ’سنگِ ماہ‘ میں اپنی آواز کاجادو جگانے والے گلوکار ساحر علی بگا نے ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
آصف رضا میر:
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار آصف رضا میر کو ڈراما سیریل ’جھوک سرکار‘ میں بہترین معاون کردار ادا کرنے کی بدولت منتخب کیا گیا اور اعزاز سے نوازا گیا۔
احد رضا میر اور رمشا خان:
‘ہم اسٹائل ایوارڈ 2024’ میں احد رضا میر اور رمشا خان کو بیسٹ جوڑی کا اعزاز دیا گیا۔ یہ ایوارڈ انہیں سال 2022 میں نشر ہونے والے ان کے رمضان اسپیشل ڈرامے ‘ہم تم’ پر ملا۔
یاد رہے کہ ایوارڈ شو کی یہ تقریب ’OVO Arena Wembley’ میں منعقد ہوئی تھی، اگرچہ کہ اس شو کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے جس میں باصلاحیت پاکستانی اداکاروں کوایوارڈز سے نوازا جاتا ہے لیکن اس بار یہ تقریب دو سال کے وقفے کے بعد منعقد ہوئی جس میں سال 2022 اور 2023 میں نشر ہونے والے ڈراموں کو سراہا گیا۔