سندھ کی طرز پر امراض قلب کا مثالی ادارہ بنائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وہ شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو سندھ کی طرز پر امراض کلب کا بہترین ادارہ بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کر کے اسپتال میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت اور مزاج پرسی کی اور ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر اسپتال کی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی۔
میرسرفراز بگٹی نے اسپتال انتظامیہ سے گفتگو میں کہا کہ شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بہترین طبی سہولیات فراہم کررہا ہے، اس ادارے کو این آئی سی وی ڈی سندھ کی طرز پر امراض قلب کا مثالی ادارہ بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر صحت کو انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرکے مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بلوچستان کا اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنائیں گے۔