ایف بی آر کا یوٹرن، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یوٹرن لیتے ہوئے مالی سال 2024 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 14 روز کی توسیع کردی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ مختلف تاجر تنظیموں، ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور عوام الناس کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آر نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا تھا کہ مالی سال 2024 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جا رہی۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھا کہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے مختلف ذرائع ابلاغ پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔