بھارت میں گاندھی کی جگہ انوپم کھیر کی تصویر والے نوٹ برآمد، ویڈیو وائرل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی پولیس نے مہاتما گاندھی کی بجائے بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کی تصویر والے کروڑوں روپے برآمد کرلیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد پولیس نے ایک کروڑ 60 لاکھ کے بھارتی کرنسی نوٹ برآمد کیے، کرنسی نوٹوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں 500 روپے کے نوٹ پر مہاتما گاندھی کے بجائے انوپم کھیر کی تصویر دیکھی جاسکتی ہے۔ انوپم کھیر نے جعلی نوٹوں کی وائرل ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا 500 روپے کے نوٹ پر گاندھی جی کے بجائے ان کی تصویر لگی ہوئی ہے۔ یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ سر! آپ کا خواب پورا ہوگیا ہے تو کسی نے لکھا شکر ہے نوٹ سے کسی کا چہرہ تو تبدیل ہوا ہے۔
جعلی نوٹوں کا ماجرا کیا ہے؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کروڑ 60 لاکھ کے نوٹ، چاندی اور سونے کے سکے بنانے والی فرم کے مالک میہول ٹھاکر کو ملنے والے دھوکے کے بعد برآمد ہوئے۔
میہول ٹھاکر نے پولیس کو بتایا کہ کچھ لوگ ان سے 2100 گرام سونا خریدنا چاہتے تھے۔ سونا خریدنے والے افراد نے کہا تھا کہ ان کے خریدے گئے سونے کو نورنگ پورہ علاقے میں پہنچایا جائے۔ جس کے بعد فرم کے مالک نے سونا اپنے ملازم کے ذریعے بتائی گئی جگہ پر بھیج دیا لیکن ملزمان سونے کے بدلے ایک کروڑ 30 لاکھ بھارتی روپے کے جعلی نوٹ تھما گئے۔ ملزمان نے فرم کے مالک کے ملازمین سے کہا کہ وہ قریبی دکان سے بقیہ 30 لاکھ روپے لے کر آتے ہیں لیکن وہ واپس نہیں آئے۔