گولی لگنے کے بعد گووندا نے اسپتال سے اپنے پہلے آڈیو پیغام میں کیا کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اپنے ہی لائسنس یافتہ پستول سے زخمی ہونے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا نے اپنے چاہنے والوں کے لیے اسپتال سے آڈیو پیغام جاری کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندا نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی طبیعت سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہنے والوں، والدین اور خدا کی مہربانی سے وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ انہیں گولی لگی تھی لیکن اب اسے نکال لیا گیا ہے، انہوں نے اپنے ڈاکٹروں اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ گووندا کا کہنا تھا کہ پرستاروں، والدین اور ان کے گورو کی دعاؤں نے انہیں بچا لیا ہے۔
واضح رہے کہ گووندا آج صبح تقریباً 4 بج کر 45 منٹ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے، وہ ایک شو کے لیے صبح 6 بجے کی فلائٹ سے کلکتہ کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔
اداکار کے مینیجر ششی سنہا نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ان کا کلکتہ میں ایک شو تھا اور صبح 6 بجے کی فلائٹ تھی، وہ ایئرپورٹ پہنچ چکے تھے جبکہ گووندا گھر سے نکلنے والے تھے جب ان سے غلطی سے گولی چل گئی جو ان کی ٹانگ میں لگی۔
ششی سنہا کے مطابق لائسنس یافتہ ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گرگیا اور غلطی سے فائر ہوگیا جس سے گووندا کی ایک ٹانگ پر چوٹ آئی لیکن ان کا زخم زیادہ خطرناک نہیں ہے۔
مینیجر نے مزید بتایا تھا کہ اسپتال میں ایک چھوٹے سے آپریشن کے بعد گووندا کی ٹانگ سے گولی نکال لی گئی تھی۔