بشریٰ انصاری کی کڑی تنقید پر چاہت فتح علی خان دل گرفتہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چاہت فتح علی خان کو ان کے گانوں کے انداز اور کچھ باتوں کے باعث بہت سے لوگ پسند کرتے ہیں اور بہت سے ناپسند بھی۔ انہوں نے برسوں پہلے شروعات کی تھی اور وہ خاکے اور مضحکہ خیز ویڈیوز بناتے تھے۔
چند ماہ قبل چاہت فتح علی خان کی گانے والی ویڈیو ’بدو بدی‘ دنیا بھر میں ٹرینڈ کرنے کے بعد زبردست ہٹ ہوئی تھی۔ وہ اپنے دو ٹوک بیانات کے لیے بھی مشہور ہیں اور وہ خبروں میں رہنا جانتے ہیں۔
چند روز قبل بشریٰ انصاری نے چاہت فتح علی خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پریشان ہیں کہ موسیقی کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ بشریٰ انصاری نے اپنی گفتگو کے دوران چاہت کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔
چاہت فتح علی خان نے اب بشریٰ انصاری کو بھی سخت جواب دیا ہے۔ انہوں نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بشریٰ انصاری جیسی سینیئر اداکارہ کو برسوں سے کام کرتے دیکھا ہے وہ خود بھی دوسروں کی نقل کرتی تھیں اور اصل میں کامیڈی آرٹسٹ کے طور پر آئی تھیں اس لیے انہیں کسی ایسے شخص کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہیے جو اپنے گانے خود لکھتا ہو۔
انہوں نے دیگر سینیئر فنکاروں کا نام بھی لیا جو ان پر تنقید کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ انصاری شاید سوچ رہی ہیں کہ میں ان کی جگہ لے سکتا ہوں لیکن ایسا کچھ نہیں ہوگا۔
چاہت فتح علی خان سوشل میڈیا پر خاصے مقبول بھی ہیں اور کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنے رہتے ہیں۔ دوسری جانب بشریٰ انصاری کی اپنی ایک پہچان ہے اور ان کا شمار پاکستان کے نامور فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران بے پناہ عزت کمائی۔ سوشل میڈیا پر کچھ ایسےافراد جو چاہت فتح علی خان کا فن کی دنیا میں کوئی خاص مقام تسلیم نہیں کرتے کا یہ کہنا ہے کہ بشریٰ انصاری کا اس میدان میں ایک خاص مقام ہے اور ایک عمدہ منصب ہے لہٰذا انہیں کم از کم چاہت فتح علی خان پر کوئی تبصرہ کرنا ہی نہیں چاہیے۔