دو قومی صوبے میں صحت کے لئے وسائل اور فنڈز مہیا نہیں کیے جا رہے ،خوشحال کاکڑ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ طب کا پیشہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ ہمیشہ انسانی جان بچانے اور ان کو نئی زندگی دینے کا ذریعہ ہے اور اِسی لئے ڈاکٹر کو مسیحا کا خطاب دیا گیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہماری ڈاکٹر برادری انسانی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر اپنی خدمات انتہائی ایمانداری اور دلچسپی کے ساتھ سر انجام دیتے ہیں ۔ جبکہ ہمارے غریب عوام کو علاج معالجے کے لئے انتہائی مشکلات درپیش ہے ۔ ڈاکٹروں نے ہر سطح پر عوام کو درپیش اِن مشکلات کا احساس بھی کرنا ہوگا ۔ وہ پارٹی کے ڈاکٹروں کے ڈاکٹر فورم کے سالانہ انتخاب کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس سے صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے اور نو منتخب سیکرٹری ڈاکٹر عبد الصمد پانیزئی نے بھی خطاب کیا ۔ اِس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسی روشان ، صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ندا سنگر بھی موجود تھے جبکہ پارٹی کے ڈاکٹر فورم کے 13 رکنی ایگزیکٹیو کا انتخاب ہوا جس سے پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے حلف لیا ۔ پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے نو منتخب ایگزیکٹیو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پارٹی کے شعبہ جاتی تنظیموں نے اپنی فعالیت جاری رکھی ہے اور پارٹی کی جاری جدو جہد میں تقویت کا باعث بن رہے ہیں ۔ اور بالخصوص طب کے پیشے سے وابستہ ڈاکٹروں نے اپنے پیشے کی ازحد مصروفیات کے باوجود اپنی فعالیت کو دوبالا کر کے ثابت کیا ہے کہ ہر پیشے سے منسلک افراد بھی قومی تحریک کی جدو جہد میں اپنا رول ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک طرف سرکاری سطح پر عوام کے علاج و معالجے کے لئے محکمہ صحت کا نیٹ ورک موجود ہے لیکن اس کے ذریعے ہمارے عوام کے علاج و معالجے کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا اور اِس نیٹ ورک کا معیار کمزور اور سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہے ۔ اور تمام عوام کو بلا تمیز ہر قسم کے علاج کی مفت فراہمی ریاست اور حکومت کی زمہ داری ہے لیکن اس دو قومی صوبے میں محکمہ صحت کے لئے وہ وسائل اور فنڈز مہیا نہیں کیے جا رہے جو ازحد ضروری ہے بلکہ پرائیویٹ شعبے کے ساتھ ساتھ سرکاری شعبے میں بھی عوام کو سفارش کے لئے مجبور ہونا پڑتا ہے جو قابل افسوس ہے ۔ اور حکومتوں کی عدم دلچسپی محکمہ صحت کو اہمیت نہ دینے کے باعث یہ شعبہ انتہائی تنزلی کا شکار ہے ایسے حالات میں ڈاکٹروں کی زمہ داری میں مزید اِضافہ ہو جاتا ہے اور یہ امر باعث مسرت اور قابلِ تقلید ہے کہ ہمارے ساتھی ڈاکٹروں میں ایسے مایہ ناز ڈاکٹروں کی اکثریت انتہائی دلچسپی اور اخلاص کے ساتھ عوام کے علاج و معالجہ کی خدمات سر انجام دیتے ہیں ۔ لہذا اب تمام ڈاکٹروں نے پارٹی نیٹ ورک کا حصہ ہوتے ہوئے خدمت کے جذبے کو مزید دوبالا کرنا ہوگا ۔