اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ ایکسچینج مارکیٹ میں استحکام آچکا ہے، ایکسچینج مارکیٹ اب اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور روپیہ بھی مستحکم ہورہا ہے .
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان میں بینکنگ کا شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے، عالمی معیشت دن بدن تبدیل ہورہی ہے .
انہوں نے کہا کہ حکومت کی فنانس کی ضروریات کم ہوئی ہیں، حکومت کے پاس بہت لیکویڈیٹی دستیاب ہے جس کے نتیجے میں حکومت نے ’بائے بیک‘ کا عمل شروع کیا ہے .
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مارکیٹ پر اس عمل کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے، قرض کے حجم میں کمی ہوگی، اس کے علاوہ مارکیٹ کی دیگر سرگرمیاں بھی مزید بہتر ہوجائیں گی .
انہوں نے کہا کہ اس عمل کے ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ جب یہاں سے فنڈز ریلیز کیے جائیں گے تو بینک ان فنڈز کو نجی شعبے کو قرض دینے کے لیے استعمال کرسکیں گے .