ڈیرہ مراد جمالی: قیدیوں کی گاڑی میں گھس کر فائرنگ سے 2 قیدی ہلاک


3 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، پولیس نے ایک حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا
ڈیرہ مراد جمالی(قدرت روزنامہ)ڈیرہ مراد جمالی میں ڈسٹرکٹ جیل کے مین گیٹ پر مسلح افراد نے قیدیوں کی گاڑی پر کردیا، حملے میں 2 قیدی ہلاک جبکہ 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ مراد جمالی میں پیش آیا جہاں ڈسٹرکٹ جیل کے مین گیٹ پر مسلح افراد نے قیدیوں کی گاڑی پر حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں 2 قیدی ہلاک اور 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے ایک حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل ڈیرہ مراد جمالی سے قیدیوں کو پیشی پر لے جانے کے لیے گاڑی جب ڈسٹرکٹ جیل کے مین گیٹ پر پہنچی تو اسی اثنا میں 2 مسلح حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے قیدیوں کی گاڑی میں گھس گئے اور قیدیوں پر فائرنگ شروع کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک قیدی نزر محمد موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ پولیس نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے ایک حملہ اور کو ہلاک کر دیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور ایک قیدی بھی زخمی ہوا، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کر دیا گیا، زخمی حملہ اور کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
ایس ایس پی نصیر آباد فہد خان کھوسو واقع کی اطلاع ملتے ہی سول اسپتال پہنچ گئے، فہد خان کھوسہ نے بتایا کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں ہے بلکہ 2 قبائل میں جاری پرانی دشمنی ہے۔
ایس ایس پی نصیر آباد نے مزید بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا جبکہ ایک حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اس سلسلے میں پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔