دورہ آسٹریلیا کے دوران گرل فرینڈ کے پنک جوتے کیوں پہنے؟ یووراج سنگھ نے دلچسپ کہانی سنائی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے ‘منکی گیٹ’ اسکینڈل کے باعث بدنام ہونیوالی 2007-2008 کی بارڈر-گاواسکر سیریز سے وابستہ ایک ذاتی کہانی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ایڈیلیڈ سے کینبرا جاتے ہوئے ’گلابی جوتے‘ کیوں پہننا پڑے.
یہ وہی کرکٹ سیریز تھی جس کے دوران بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے مبینہ طور پر آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کو بندر کہہ دیا تھا۔
کلب پریری فائر پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے، یوراج سنگھ نے انکشاف کیا کہ ان دنوں وہ ایک ایسی اداکارہ سے ڈیٹنگ کر رہے تھے جو انہی دنوں اپنی شوٹنگ کے سلسلے میں آسٹریلیا میں تھی۔
یوراج سنگھ نے بتایا کہ وہ ان دنوں ایک مشہور بھارتی اداکارہ سے ڈیٹ کر رہاے تھے، جس کا وہ نام نہیں لیں گے، تاہم انہوں نے اشارہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اداکارہ اس وقت بہت اچھی اور بہت تجربہ کار اداکارہ ہیں۔
یوراج سنگھ نے بتایا کہ ان کی گرل فرینڈ ایڈیلیڈ میں شوٹنگ کر رہی تھیں جب یوراج سنگھ نے انہیں ملاقات نہ کرنے کا کہا کیونکہ وہ اس اہم سیریز پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے تھے، لیکن اس کے باوجود وہ کینبرا تک ان کے پیچھے چلی آئیں۔
میں نے اس سے کہا کہ ہمیں کچھ عرصہ نہیں ملنا چاہیے کیونکہ میں آسٹریلیا کے دورے پر پوری توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، لیکن وہ بس میں میرے پیچھے چلی آئی، اور 2 ٹیسٹ میں میں زیادہ اسکور نہیں کرسکا، میں نے اس سے کہا تم یہاں کیا کر رہی ہو اور اس کا جواب تھا کہ وہ میرے ساتھ وقت گزارنا چاہتی ہے۔‘
اس کہانی نے ایک مضحکہ خیز موڑ اس وقت لیا جب یوراج سنگھ نے بتایا کہ کس طرح ان کی گرل فرینڈ نے ان کا سوٹ کیس ایک رات قبل پیک کرکے ٹیم کے سامان کے ساتھ بھیج دیا اور اگلی صبح ان کے پاس اپنی گرل فرینڈ کے پنک جوتوں کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا۔
صبح میں نے پوچھا میرے جوتے کہاں ہیں، اس نے کہا میں نے انہیں پیک کردیا، جس پر میں نے پوچھا کہ اب میں بس تک کیسے جاؤں تو اس نے کہا کہ میرے جوتے پہن لو۔‘
اس صورتحال نے جارحانہ بلے باز یوراج سنگھ کو اپنی گرل فرینڈ کے 8 نمبر کے پنک ’سلپ آن‘ جوتے پہننے پر مجبور کردیا حالانکہ ان کے اپنے پیر کا سائز 11 تھا، بھارتی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے یوراج سنگھ کو پنک جوتے پہنا دیکھ کر بس میں خوب تالیاں بجائیں، جبکہ انہوں نے جوتے چھپانے کی ناکام کوشش کی۔
مجھے ایڈیلیڈ کی فلائٹ پکڑنے کے لیے کینبرا کے ہوائی اڈے تک پنک سلپ آن پہننے پڑے یہاں تک کہ میں نے وہاں سے ایک فلپ فلاپ (چپل) خرید لی۔‘
اپنی ماضی کی اداکارہ گرل فرینڈ کے بارے میں یوراج سنگھ کا یہ حالیہ انکشاف یقیناً شائقین کرکٹ کا تجسس بڑھانے کا باعث ہوگا حالانکہ ورلڈ کپ جیتنے والے اس سابق بھارتی بلے باز نے اداکارہ کا نام ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔