مرید کے سر پر جوتا رکھ کر دم کرنے والے پیر کی ویڈیو وائرل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک میں جعلی عاملوں اور جعلی پیروں کی بڑی تعداد عوام کی جان، مال، عزت اور آبرو کے ساتھ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ آئے دن پیروں اور عاملوں کے حوالے سے رونگٹے کھڑے کر دینے والا واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ جعلی عاملوں اور پیروں کے ہاتھوں خواتین کی عصمت دری کے واقعات بھی تسلسل کے ساتھ پیش آ تے رہتے ہیں۔
مختلف عمر کے افراد دھڑا دھڑ ان پیروں کے آستانوں کا رخ کرتے ہیں جن کی بدولت ان کے یہ آستانے آباد ہیں۔ یہ پیر لوگوں کے مسائل کو حل کرنے جھانسہ دے کر ان سے بھاری رقم بھی بٹور لیتے ہیں۔
ایسے ہی ایک پیر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں مبینہ طور پر ایک پیر اپنا جوتا مرید کے سر پر رکھ کر دم کرتا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔
محمد طاہر رفیق نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں پیر نہیں بلکہ لوگ قصوروار ہیں اور دم کروانے والے بظاہر صحتمند اور پڑھے لکھے بھی نظر آ رہے ہیں لیکن پھر بھی پیروں کے پاس آ رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ اسلام تو انسانوں کو عزت دیتا ہے پھر عوام پیر کے ہاتھوں کیوں ذلیل ہو رہے ہیں؟
اعجاز جنجوعہ نے لکھا کہ ہماری عقل کے عین مطابق ہم پر ایسے لوگ مسلط ہیں کیونکہ ہم خود سے سوچتے بھی نہیں ہیں۔
جنید محمود انصاری لکھتے ہیں کہ آج کے زمانے میں بھی لوگوں میں اتنی سمجھداری نہیں ہے، شعور کی بہت کمی ہے۔ اللہ ہمیں معاف کرے اور سیدھی راہ دکھائے۔ ان کامزید کہنا تھا کہ قرآن میں بار بار شرک کا ذکر آیا ہے، پھر بھی لوگ اس طرف توجہ کیوں نہیں دیتے؟ ہر مصیبت کے پیچھے کوئی نہ کوئی ایسا منظر دکھائی دیتا ہے جو دل کو بری طرح توڑ دیتا ہے۔