ملائیشین وزیراعظم 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، پُرتپاک استقبال، 21 توپوں کی سلامی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم اپنے 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کا نور خان بیس پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا، اور اسلام آباد پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی دی، اس کے بعد 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشیا کے وزیرِاعظم کو پھول پیش کیے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ کامرس جام کمال خان اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ استقبال میں شریک تھے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم دورے کے دوران صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سے ون ٹو ون ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران پاکستان ملائیشیا دو طرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو اور دونوں ممالک کے مابین شراکت کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوگی۔
ملائیشیا کے وزیراعظم کے ہمراہ اعلی سطح کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں کے وفد کی بھی پاکستان آمد ہوئی ہے۔
وفد پاکستانی کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں سے ملاقات کرے گا جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان ملائیشیا بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے۔