پاکستان نے اس سال اب تک کتنے موبائل فون اسمبل کیے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے مقامی مینوفیکچرنگ و اسمبلنگ پلانٹس نے سنہ 2024 کے پہلے 8 مہینوں (جنوری تا اگست) کے دوران 20.44 ملین موبائل ہینڈ سیٹس تیار کیے جبکہ تجارتی طور پر 1.1 ملین درآمد کیے گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اگست میں مقامی طور پر 1.49 ملین موبائل ہینڈ سیٹس تیار کیے گئے جب کہ تجارتی طور پر 0.1 ملین درآمد کیے گئے۔
مقامی طور پر تیار کردہ/اسمبل کردہ 20.44 ملین موبائل فون ہینڈ سیٹس میں 7.71 ملین 2G اور 12.73 ملین اسمارٹ فونز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق 62 فیصد موبائل ڈیوائسز اسمارٹ فونز ہیں اور 38 فیصد پاکستان نیٹ ورک پر 2G ہیں۔
ملک نے رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے 2 مہینوں (جولائی سے اگست) میں 143.889 ملین ڈالر کے موبائل فونز درآمد کیے جو کہ گزشتہ مالی سال 2023-24 کی اسی مدت کے دوران 179.453 ملین ڈالر کے مقابلے میں 19.82 فیصد کی منفی نمو دکھاتا ہے۔
روپے کے لحاظ سے ملک نے مالی سال کے پہلے 2 مہینوں کے دوران 40.069 بلین روپے کے موبائل ہینڈ سیٹس درآمد کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 51.853 ارب روپے کے فون درآمد کیے گئے تھے۔