اسلام آباد

تعلقات کو مزید گہرا اور تعاون مضبوط کرنے کے لیے ملائیشیا کے وزیر اعظم سے بات چیت کا منتظر ہوں، شہباز شریف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنے پیارے بھائی ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کا استقبال کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہوئی ہے، انور ابراہیم کا دورہ پاکستان امن، خوشحالی اور علاقائی ترقی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی جانب سے اپنی پاکستان آمد پر استقبال کے حوالے سے ایکس ڈاٹ کام پر شیئر کی گئی پوسٹ کے جواب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ان کا استقبال کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ’اسلام آباد میں اپنے بھائی ملائیشیئن وزیراعظم انورابراہیم کا استقبال کرکے خوشی ہوئی۔‘
خیال رہے وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیر اعظم 3روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم کا نور خان ایئربیس پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا۔ اسلام آباد پہنچنے پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو سلامی دی۔ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم کو نور خان ایئربیس پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کیے، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ کامرس جام کمال خان اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ استقبال میں شریک تھے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم دورے کے دوران صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سے ون ٹو ون ملاقاتیں کریں گے۔ دورے کے دوران پاکستان ملائیشیا دو طرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو اور دونوں ممالک کے مابین شراکت کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوگی۔
ملائیشیا کے وزیراعظم کے ہمراہ اعلی سطح کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں کے وفد کی بھی پاکستان آمد ہوئی ہے۔ وفد پاکستانی کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں سے ملاقات کرے گا جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان ملائیشیا بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے۔

متعلقہ خبریں