ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے 9ویں ایڈیشن کے 9 اہم حقائق کیا ہیں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیراہتمام ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 9ویں ایڈیشن کا باضابطہ آغاز آج (3 اکتوبر) سے متحدہ عرب امارات میں ہورہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے تمام میچز دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ وینمز ٹی20 ورلڈ کپ کا شور و غوغا ایک جانب لیکن اس ایونٹ سے جڑے درج ذیل 9 حقائق ایسے ہیں جو دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے جاننا ضروری ہیں۔
ٹیموں کی تعداد
متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ویمنز ٹی20 ورلڈ میں شامل ٹیموں کی تعداد 10 ہے۔ گروپ اے میں آسٹریلیا، انڈیا، نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
پاکستان بمقابلہ انڈیا
ورلڈ کپ ہو یا کوئی اور ٹورنامنٹ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے مابین میچ اس ایونٹ کو چار چاند لگا دیتا ہے۔ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک ہی گروپ میں شامل ان دونوں ٹیموں کا مقابلہ 6 اکتوبر (اتوار) کو ہوگا۔
گروپ میچز کے بعد سیمی فائنلز
وینمز ٹی20 کے گروپ میچز کے اختتام پر ہر گروپ سے زیادہ پوائنٹس اسکور کرنے والی 2 اور مجموعی طور پر 4 ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گے۔ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے پہنچنے کی پیش گوئی پہلے ہی کی جاچکی ہے۔
سب سے زیادہ مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم
ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کا یہ 9واں ایڈیشن ہے۔ آسٹریلیا وہ واحد ٹیم ہے جس نے 6 مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انگلینڈ نے 2009 اور ویسٹ انڈیز نے 2016 میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔
انعامی رقم
یہ آئی سی سی کا خواتین کا ایسا پہلا ایونٹ ہے جس میں فاتح ٹیم کے لیے انعامی رقم ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی مردوں کی ٹیم کے برابر رکھی گئی ہے۔ اس بار وینمز ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 2.34 ملین ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 1.17 ملین ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔
امپائر، ریفریز اور کمنٹیٹرز
متحدہ عرب امارات میں ہونے والے اس ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں تمام امپائرز اور میچ ریفریز خواتین ہوں گی۔ امپائرز اور ریفریز میں کوئی پاکستانی خاتون شامل نہیں البتہ کمنٹیٹرز کے پینل میں سابق کپتان ثنا میر بھی شامل ہیں۔ کمنٹیٹرز میں سابق مرد کرکٹرز بھی شامل ہیں۔
میچز براہ راست نشر کیے جائیں گے
ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے تمام میچز پی ٹی وی اور ٹین اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ دن کے وقت ہونے والے میچز سہ پہر 3 بجے جبکہ شام کو ہونے والے میچز 7 بجے شروع ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے مقام کی تبدیلی
ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا انعقاد پہلے بنگلہ دیش میں رکھا گیا تھا لیکن بنگلہ دیش میں حالیہ مظاہروں اور حکومت کی تبدیلی کے بعد ورلڈ کپ میں شامل بیشتر ممالک کی حکومتوں نے بنگلہ دیش میں ایونٹ کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کا مقام تبدیل کرکے متحدہ عرب امارات کردیا تھا۔
فائنل میچ
ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل میچ 20 اکتوبر کو دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔