ڈراما ’عشق مرشد‘ کا گانا لکھا مگر کریڈٹ نہیں دیا گیا، جویریہ سعود کا انکشاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف اداکارہ جویریہ سعود نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مقبول ڈرامے ’خدا اور محبت‘ اور ’عشق مرشد‘ سمیت متعدد ڈراموں کے گانے لکھے مگر انہیں اس کا کریڈٹ نہیں دیا گیا۔
جویریہ سعود نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی اور کہا کہ انہیں دوستوں نے دھوکا دیا لیکن دوستوں سے ملنے والے دھوکے سے ہی انسان سیکھتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا، ’گانوں کا کریڈٹ نہ دینے کے معاملات انتہائی چھوٹے ہیں، میں نے اس سے بڑے بڑے معاملات اور دھوکے کھانے کا ذکر نہیں کیا لیکن مجھے کوئی پچھتاوا نہیں ہے کہ گانے لکھنے کے باوجود اس کا کریڈٹ کیوں نہیں دیا گیا۔‘
جویریہ سعود نے بتایا کہ مقبول ڈرامے ’خدا اور محبت‘ کے پہلے سیزن کا گانا بھی انہوں نے ہی لکھا تھا جو کافی مقبول ہوا، اسی وجہ سے نئے سیزن میں بھی پرانا گانا شامل کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں ڈرامے کے او ایس ٹی میں تھوڑی سی تبدیلی کرکے گانے کا کریڈٹ کسی اور کو دے دیا گیا۔
اداکارہ نے کہا کہ جب انہوں نے کریڈٹ نہ دینے کا شکوہ کیا تو انہیں کہا گیا کہ اگر ان کا گانا مقبول نہ ہوتا تو وہ کبھی شکوہ نہ کرتیں لیکن اب گانا مشہور ہوا ہے تو وہ کریڈٹ دینے کی بات کررہی ہیں۔
واضح رہے چند ماہ قبل ٹیلی ویژن اسکرینز پر تہلکہ مچانے والا ڈراما سیریل ’عشق مرشد‘ نے بے پناہ تعریفیں حاصل کی تھیں اور اس کا ’او ایس ٹی‘ بھی خوب مشہور ہوا تھا، اس پر صارفین نے متعدد ریلز بنائی تھیں جبکہ بھارتی اداکار علی گونی بھی اس گانے کی تعریف کرنے سے خود کو نہیں روک سکے تھے۔