ٹیکن ویڈیو گیم پاکستان میں کیسے اتنا مقبول ہوا؟ ڈائریکٹر بھی حیران


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا کے مقبول ترین فائٹنگ ویڈیو گیم ٹیکن کے پروفیشنل مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی اپنا ثانی نہیں رکھتے لیکن گیم کے ڈائریکٹر نے پاکستان میں اس کی مقبولیت پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔
جاپان میں 30 سال قبل متعارف کرائے گئے گیم کا ساتواں ایڈیشن رواں برس کے آغاز پر جاری کیا گیا تھا، اس ویڈیو گیم میں مشرق بعید کے کھلاڑی چھائے رہتے تھے تاہم پروفیشل ویڈیو گیم کے موجودہ 10 بہترین کھلاڑیوں میں سے 4 کا تعلق پاکستان سے ہے۔
ارسلان ایش صدیقی اس وقت توجہ کا مرکز بنے جب انہوں نے 2019 میں ای وی او فائٹنگ ویڈیو گیم کا ٹورنامنٹ جیتا اور پھر اس کے بعد انہوں نے مزید 4 مرتبہ ٹائٹل جیتا اور وہ فینز کے پسندیدہ کھلاڑی بن گئے۔
برطانیہ میں جاری ریڈ بل گولڈن لیٹر ٹورنامنٹ میں عالمی نمبر 10 ارسلان صدیقی ابتدا ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تاہم تاہم پاکستان کے ہی عاطف بٹ نے عالمی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
عالمی افق پر ویڈیو گیم ٹیکن کے بڑے پاکستان سے ابھر کر سامنے آ رہے ہیں تاہم گیم ڈائریکٹر ابھی تک حیران ہیں کہ کیسے پاکستان میں یہ گیم اتنا مقبول ہو رہا ہے۔
ویڈیو گیم ٹیکن کے ڈائریکٹر کٹسو ہیرو ہراڈا نے بی سی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پتہ نہیں تھا کہ پاکستانی ٹیکن گیم کھیلتے ہیں، حتیٰ کہ ہم اب تک پاکستان بھی نہیں گئے اور میں ابھی تک بہت دلچسپی رکھتا ہوں کہ جان سکوں کیوں پاکستانی اس گیم کے دیوانے ہیں اور کیسے اتنا اچھا گیم کھیلتے ہیں۔
گیم پروڈیوسر مائیکل مرے نے کہا کہ جب ارسلان ایش صدیقی جیتا تو مجھے بہت اچھا لگا، اسے کوئی بھی نہیں جانتا تھا، ارسلان کے بعد وہاں سے دیگر اچھے کھلاڑی بھی سامنے آئے اور ہر کسی نے انہیں پسند کیا، یہ ہمارے لیے بہت ہی دلچسپ ہے۔