چیف جسٹس لوگوں کی خرید و فروخت کا ماحول پیدا کررہے ہیں، عارف علوی


لاہور(قدرت روزنامہ) سابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس لوگوں کی خرید و فروخت کا ماحول پیدا کررہے ہیں۔
لاہورمیں میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر اور پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ جموریت کی پامالی ہو رہی ہے۔ اس وقت 63 کو دیکھنے کی کیا ضرورت تھی۔ چیف جسٹس لوگوں کی خرید و فروخت کا ماحول پیدا کررہے ہیں۔ جسٹس منیر سے زیادہ نقصان موجودہ چیف جسٹس نے پہنچایا۔چیف جسٹس ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان میں رہیں تو بات ہے۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ جعلی اسمبلی اس قابل نہیں کہ ترمیم کر سکے۔ بھٹو کے خاندان سے ہی کہیں آئین کو آگ نہ لگ جائے۔ یہ ظالمانہ طریقے سے ملک کا نظام چلا رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سمیت کسی کو آئین کے تحت ریلیف نہیں ملا۔ ریجیم چینج کرنے والوں کے ساتھ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ آئین کا نام باقی رکھیں گے۔ تحریک انصاف پرامن ہے ہر جلسے میں پولیس میں تشدد کرتی ہے۔ حکومت نے طے کرلیا ہے جو مراعات بنتی ہیں وہ نہیں دینی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل غنڈوں کی طرح مسلمان ممالک کو تباہ کر رہا ہے۔ مسلمان ممالک کو بھی کھڑا ہونا چاہیے۔ قائداعظم کا موقف یہی تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔