بڑی مالیت کے پرائز بانڈز کی واپسی کی تاریخ میں توسیع
بانڈز کی واپسی کی تاریخ 30 جون 2024 مقرر کی گئی تھی
کراچی (قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کی جانب سے بند کئے گئے بیریئر بانڈز کی واپسی کی تاریخ میں توسیع کردی گئی۔
بینکنگ سروسز کارپوریشن کے اعلامیہ کے مطابق 40 ہزار ،25 ہزار،15 ہزار اور ساڑھے 7 ہزار والے بند کئے جانے والے بیریئر پرائز بانڈز کو واپس کرنے کی تاریخ بڑھادی گئی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ مذکورہ بانڈز اب 31 دسمبر 2024 تک واپس کئے جا سکیں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بانڈز کی واپسی کی تاریخ 30 جون 2024 مقرر کی گئی تھی۔
مرکزی بینک کی جانب سے کمرشل بینکوں کو 31 دسمبر تک بانڈز نقد کیش کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے بارے ہدایات بھی جاری کردی گئیں۔
پرائز بانڈ کو ایس بی پی کے بینکنگ کارپوریشن دفاتر یا کمرشل بینکوں سے کیش کرایا جاسکتا ہے۔