پی ٹی آئی کی ڈی چوک میں احتجاج کی کال، کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع، مختلف راستے بند


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کل ڈی چوک میں احتجاج سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے حکمت عملی طے کرلی ہے، اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے، جبکہ راولپنڈی اسلام آباد کے مختلف مقامات کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے کل ہونے والے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پولیس کی معاونت کے لیے راولپنڈی میں رینجرز کی خدمات لی جائیں گی۔
واضح رہے کی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پی ٹی آئی نے بھی کل ڈی چوک میں احتجاج کی حکمت عملی طے کرلی ہے، اور کہا گیا ہے کہ ہم کل ہر صورت ڈی چوک میں پہنچیں گے، اور قائد کی ہدایات کے مطابق احتجاج کو کامیاب بنایا جائے گا۔
آج وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے احتجاج ملتوی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی نے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا، پھر بعد میں کوئی شکوہ نہ کرے۔
محسن نقوی کے اس بیان کے بعد پی ٹی آئی کے وکیل رہنما نعیم حیدر پنجوتھا نے عمران خان سے ملاقات کی اور بعد ازاں اپنے ویڈیو پیغام میں کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کل ہر صورت احتجاج کو کامیاب بنانا ہے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں، جبکہ جڑواں شہروں کی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں مظاہرین سے نمٹنے کے لیے 4 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار، ایف سی اور رینجرز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔