پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے دارالحکومت میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔
اسلام آباد انتظامیہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 2 روز کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کل ڈی چوک میں احتجاج کی کال دی ہے، جبکہ دوسری جانب حکومت نے مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی طے کرلی ہے۔
آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی سے اپیل کی کہ وفاقی دارالحکومت میں اہم نوعیت کے اجلاس اور ملاقاتیں ہورہی ہیں اس کے لیے احتجاج ملتوی کیا جائے ورنہ سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے کل احتجاج کی کال دی ہے، لیکن ہمیں سوچنا چاہیے کہ کوئی احتجاج پاکستان کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی بھی پاکستان کی جماعت ہے کوئی باہر کی جماعت نہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کل ڈی چوک کا احتجاج مئوخر کرنے پر راضی ہوگئی ہے اور حکومت کو مشروط پیشکش کردی ہے۔
پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما زین قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم کل کا احتجاج مئوخر کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن اس کے لیے حکومت کو 26ویں آئینی ترمیم کو 23 اکتوبر سے آگے لے جانا ہوگا۔