ڈاکٹر ذاکر نائیک اسٹیج چھوڑ کر کیوں چلے گئے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف مذہبی اسکالر اور مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک اس وقت پاکستان میں موجود ہیں، گزشتہ روز انہوں نے اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں پاکستان سویٹ ہوم کی ایک تقریب میں شرکت کی، جس میں انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں سے خصوصی خطاب بھی کیا۔
مگر گزشتہ روز سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی گردش کررہی ہے، جس میں ڈاکٹر ذاکر نائیک اسٹیج چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔
اس ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے یہ کہا جارہا ہے کہ پاکستان سویٹ ہوم کے چیئرمین زمرد خان نے جب تقریب کے اختتام پر یتیم بچیوں کو شیلڈز دینے کے لیے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو اسٹیج پر بلایا تو وہ شیلڈ دیے بغیر اسٹیج چھوڑ کر چلے گئے، اور ان کی جانب سے یہ کہا گیا کہ یہ آپ کی بیٹیاں نہیں یہ نا محرم ہیں۔ آپ ان کو چھو نہیں سکتے نا اپنی بیٹیاں کہہ سکتے ہیں۔
کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے شیلڈز دینے سے انکار کرتے ہوئے یہ کہاکہ یہ بچیاں نامحرم ہیں، اس لیے وہ شیلڈ پیش نہیں کرسکتے۔
سویٹ ہوم کی اس تقریب میں موجود وی نیوز کے نمائندے نے اس معاملے کے حوالے سے بتایا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا، اور وہاں موجود انتظامیہ کے مطابق وہ تقریب میں صرف کچھ منٹ شرکت کے لیے آئے تھے، مگر سویٹ ہوم کی جانب سے ڈاکومینٹریز چلائی گئیں، جس میں کافی وقت صرف ہو گیا، اور شاید انہیں کہیں اور جانا تھا اسی لیے وہ تقریب کے ختم ہوتے ہی چلے گئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی اسٹیج سے اترنے کی ویڈیو کے حوالے سے جو کچھ کہا جا رہا ہے، اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ اور ایسا بھی کچھ نہیں ہوا کہ انہوں نے چھوٹے بچوں کو شیلڈ دی ہو اور بچیوں کو چھوڑ دیا ہو۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے ساتھ خصوصی خطاب میں کہاکہ آج مجھے خوشی ہوئی ہے کہ میں سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں سے ملا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ اللہ قران پاک کی ایک آیت میں فرماتے ہیں پڑھو اے نبیﷺ اپنے رب کا نام لے کر جس نے پیدا کیا۔ جو لوگ پڑھنے پر توجہ دیتے ہیں پوری آیت پر توجہ نہیں دیتے۔ پڑھو اللہ کے نام سے اگر پڑھائی اللہ کے قریب نہیں لے کر آتی تو وہ آخرت کے لیے ناکارہ ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جو ہدایت کے راستے پر چلتے ہیں اس دنیا اور آخرت میں ان کے لیے کامیابی ہے۔ اللہ کے نزدیک سب سے اچھا پیشہ تبلیغ کا ہے۔
اس موقع پر موجود سربراہ سویٹ ہوم زمرد خان نے کہاکہ ڈاکٹر ذاکر نائیک عالم اسلام کے لیے روشنی کا ذریعہ ہیں، اللہ کی مہربانی سے ڈاکٹر نائیک نے سویٹ ہوم کے بچوں سے خطاب کیا جو ہم سب کے لیے باعث فخر ہے۔