چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت 20 سے زیادہ وکلا کے خلاف مقدمہ کیوں درج کیا گیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد پولیس نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کرنے اور سرکاری ادارے کے سربراہ کا پتلا جلانے پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر سمیت 20 سے زائد وکلا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر سمیت 20 سے زائد وکلا کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ اور سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں ممبر قومی اسمبلی لطیف کھوسہ، سینیٹر شبلی فراز، سلمان اکرم راجا، مصطفین کاظمی، نیاز اللہ نیازی اور اعظم سواتی کو نامزد کیا گیا ہے۔
وکیل نسیم حیدر پنچوتھا، انصر ایڈووکیٹ اور عبداللہ وزیر بھی مقدمے میں نامزد کیے گئے ہیں، 100 سے زائد نامعلوم افراد کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، وکیل مصطفین کاظمی پہلے ہی گرفتار ہیں۔
مظاہرین نے سرکاری ادارے کے سربراہ کا پتلا جلایا، ایف آئی آر کا متن
مقدے کی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے سرکاری ادارے کے سربراہ کا پتلا جلایا اور پولیس افسران و اہلکاروں سے مزاحمت اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
متن میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے سرکاری ادارے کے سربراہ کے بارے میں کہا کہ فیصلہ نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی انہیں کام کرنے دیں گے، مظاہرین نے ٹائر جلا کر راستے بھی بند کردیے تھے۔