بلوچستان اسمبلی کی عمارت گرانے کا فیصلہ، نئی تعمیر پر کتنی رقم خرچ ہوگی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی عمارت کو مسمار کر کے دوبارہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے 5 ارب روپے سے زیادہ کی رقم مختص کی گئی ہے۔ فیصلے کے تحت اسمبلی کی عمارت کو گرا کر دوبارہ نئی طرز پر تعمیر کیا جائے گا جو تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہوگی۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق خان نے بتایا کہ ایوان میں ممبران کے بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ موجود نہیں، جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہر چیز ناکارہ ہوتی جارہی ہے۔
عبدالخالق خان نے کہاکہ ابتدا میں حکومت کا یہ ارادہ تھا کہ اسمبلی عمارت کی تزئین و آرائش کی جائے لیکن بعد ازاں ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ تزئین و آرائش پر بھی خطیر رقم خرچ ہوجائے گی لہٰذا عمارت کو مسمار کرکے دوبارہ تعمیر کیا جائے، جو جدید سہولیات سے آراستہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ نئی عمارت کے تعمیر ہونے سے جہاں ممبران کے بیٹھنے کی گنجائش میں اضافہ ہوگا وہیں اراکین اسمبلی کے دفاتر بھی بہتر ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ایک سال کے اندر اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا، ہماری کوشش ہے کہ جلد اس پر کام کیا جائے۔
اسمبلی عمارت مسمار کرکے نئی تعمیر کے فیصلے پر عوام کی شدید تنقید
حکومت کی جانب سے اسمبلی کی عمارت کو مسمار کرکے دوبارہ تعمیر کرنے کے فیصلے کو عوام میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف کے ارکان اسمبلی نے عمارت کی تزئین و آرائش کا مشورہ دیا ہے، جبکہ تاریخی ورثے کی حامل اس عمارت کو مسمار کرنا نامناسب عمل ہوگا۔
عوامی حلقوں کا موقف ہے کہ حکومت کو 5 ارب روپے سے زیادہ کی رقم اسمبلی عمارت کی تعمیر میں نہیں بلکہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ ’ایک جانب جہاں صوبے میں تعلیم، صحت، بے روزگاری سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے، ایسے میں اسمبلی عمارت کی دوبارہ تعمیر حکومت کی غیرسنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے، ایسا اقدام صرف رقم کا ضیاع ہوگا‘۔
بلوچستان اسمبلی کی تاریخی اہمیت
بلوچستان اسمبلی کی موجودہ عمارت ایک خیمے کی طرز پر تعمیر کی گئی ہے جسے بلوچی زبان میں گدان کہا جاتا ہے۔ 12 ایکڑ کے رقبے پر پھیلی بلوچستان اسمبلی کی اس عمارت کا سنگ بنیاد 1973 میں اس وقت کے گورنر نواب محمد اکبر خان بگٹی نے رکھا تھا۔
15 سال کی طویل مدت کے بعد یہ عمارت مکمل ہوئی، اور اس اسمبلی بلڈنگ کا افتتاح 28 اپریل 1987 کو اس وقت کے وزیراعظم محمد خان جونیجو نے کیا۔
بات کی جائے اگر ایوان میں گنجائش کی تو اسمبلی احاطے میں 72 اراکین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ 25 نشستیں سرکاری حکام اور 25 نشستیں مہمانوں کے لیے موجود ہیں۔ اس کے علاوہ عام لوگوں کے بیٹھنے کے لیے وزیٹر گیلری میں 168 جبکہ میڈیا کے لیے 25 نشستیں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کا ایوان 65 اراکین پر مشتمل ہے۔