وزیرداخلہ کا رات گئے ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ، پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رات گئے ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ کر کے وہاں تعینات پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں فوج کی تعیناتی کا بھی جائزہ لیا۔
اس سے قبل میڈیا سے بات چیت میں محسن نقوی کا کہنا تھا احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اسلحے کے ساتھ حملہ آور ہونے آ رہے ہیں۔
ڈی چوک اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کسی کو بھی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، کل بھی ہم نے درخواست کی تھی کہ ابھی جلسے جلوس یا احتجاج نا کریں، اسلام آباد کے شہریوں سے تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا ہماری جتنی بھی فورس ہے ان میں کسی کے پاس گن نہیں ہے، ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھ سکتے ہیں کہ جو لوگ آرہے ہیں ان کے پاس اسلحہ ہے۔
بعد ازاں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران کارکنان نے پولیس پر پتھراؤ کیا ، جس کے بعد پولیس نے کارکنان کو منشتر کرنے کیلئے شیلنگ کی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد پاک فوج کے دستوں نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد پاک فوج کے دستوں نے اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔