51 سال قبل ہونے والی امیتابھ اور جیا بچن کی شادی کا کارڈ وائرل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نامور بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ و سیاستدان جیا بچن کا شمار فلم نگری کے کامیاب ترین ازدواجی جوڑوں میں ہوتا ہے، حال ہی میں ان کی شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم اسٹار عامر خان اپنے بیٹے جنید کے ہمراہ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے مہمان بنے جہاں عامر خان نے امیتابھ بچن سے پوچھا کہ آپ کو اپنی شادی کی تاریخ یاد ہے؟ جس پر اداکار نے بتایا کہ اُن کی شادی کی تاریخ 3 جون 1973 کو ہوئی۔
امیتابھ بچن کا جواب سُن کر عامر خان نے کہا کہ آپ اس کا کوئی ثبوت تو دیں، ہم کیسے یقین کرلیں کہ آپ نے درست تاریخ بتائی ہے۔ ساتھ ہی عامر خان نے خود کو امیتابھ بچن کا سب سے بڑا فین ثابت کرتے ہوئے ثبوت کے طور پر شادی کا کارڈ دکھایا۔
عامر خان نے کہا کہ یہ دیکھیں میرے پاس آپ کی شادی کی تاریخ کا ثبوت موجود ہے جوکہ 51 سال پُرانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ برسوں پرانا شادی کا کارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ میں آپ کا نمبر ون فین ہوں۔