اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والی شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی، پولیس اور رینجرز تعینات


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے سبب اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کربند کیا گیا ہے۔ تاہم، سری نگر ہائی وے 26نمبر چونگی سے موٹر وے اور ایئرپورٹ جانے والے راستے کھول دیے گئے ہیں۔ پولیس کے تازہ دم دستے اور رینجرز کی نفری تعینات ہے۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے سبب شہر بھر میں کنٹینرز لگا کر داخلی و خارجی راستوں کو سیل کیا گیا ہے، اور موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔ اس دوران شہریوں کو ایئرپورٹ پہنچنے اور واپسی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا جس کے لیے انتظامیہ نے 26نمبر چونگی سے راستہ کھول دیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے 26نمبر کے مقام پر پولیس کے تازہ دم دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے رینجرز کی نفری بھی موجود ہے جو سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔
واضح رہے ایئرپورٹ کو جانے والی شاہراہ ٹریفک کے لیے کھلی ہے، اور 26نمبر چونگی سے اندرون شہر اور لاہور، پشاور کے لیے ٹریفک رواں دواں ہے۔