شمالی وزیرستان: خوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 جوان شہید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)شمالی وزیرستان میں پاک فوج اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوان بھی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کاrروائی کی گئی اور لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والے دیگر 5 جوانوں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 43 سالہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کا تعلق فیصل آباد سے ہے جب کہ دیگر پانچ جوانوں کا تعلق خیبر، لکی مروت، ٹانک، اورکزئی اور سوات سے ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔