وزیراعلی خیبرپختونخوا ساری حدود پار کررہے ہیں، وزیر داخلہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلی کے پی ساری حدود عبور کررہے ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پولی کلینک اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے شرپسندی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا، قانون کی عملداری کے لئے آپ نے فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی، آپ اسلام آباد پولیس کے بہادر سپوت ہیں اور ہمیں آپ پر ناز ہے۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ساری حدود عبور کررہے ہیں، ان کے قافلے سے پولیس پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں 80 سے 85 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی سازش کررہی ہے لیکن ہم اسے ایسا کرنے نہیں دیں گے، اس سب کی ذمہ داری وزیراعلی کے پی پر عائد ہوتی ہے، انہیں سمجھانے کی بہت کوشش کی لیکن وہ سمجھنے کےلیے تیار نہیں، وہ ساری حدود پار کررہے ہیں۔