رؤف صدیقی کو ریلیف؛ غیر قانونی بھرتیوں کا نیب ریفرنس واپس بھیجنے کا حکم


کراچی(قدرت روزنامہ) احتساب عدالت نے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی سمیت دیگر کیخلاف سندھ اسمال انڈسٹریز میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس بذریعہ ڈی جی نیب چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم دیدیا .
کراچی کی احتساب عدالت نے سندھ اسمال انڈسٹریز میں غیر قانونی بھرتیوں کا ریفرنس میں ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی دائرہ اختیار سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنادیا .


ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی و دیگر احتساب عدالت میں پیش ہوئے . عدالت نے ملزمان کی دائرہ اختیار سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس بذریعہ ڈی جی نیب چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم دیدیا .
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ چیئرمین نیب ریفرنس کو صوبائی اینٹی کرپشن بھیجیں .
پراسیکیوٹر نیب کے مطابق رؤف صدیقی اور دیگر کیخلاف سندھ اسمال انڈسٹریز میں غیر قانونی بھرتیوں کا ریفرنس 2019 میں بنایا گیا تھا . ملزمان نے غیر قانونی بھرتیوں کے ذریعے قومی خزانے کو 42 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا .
ریفرنس میں سابق صوبائی وزیر رؤف صدیقی، سابق ایم ڈی مشتاق علی، سابق ڈی ایم ڈی محمد عابد، سابق ڈائریکٹر ثروت فہیم سمیت 8 ملزمان شامل ہیں . 2008 سے 2014 تک 372 افراد غیر قانونی طور پر بھرتیاں کیں .
وکیل صفائی نے موقف دیا تھا کہ ملزمان کیخلاف ملازمتیں دینے کا الزام ہے . ملزمان کیخلاف مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام نہیں ہے . نیب ترامیم کے تحت ریفرنس کے لئے مالی فوائد کا ہونا ضروری ہے .

. .

متعلقہ خبریں