وزیراعلی کے پی کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی وکلاء کا پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کا فیصلہ


پشاور(قدرت روزنامہ) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی وکلاء ونگ نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلی کے وکیل عالم خان ادینزئی ایڈوکیٹ نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررہے ہیں، وزیراعلی کو پشاور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود وزیراعلی علی امین کو گرفتار کرنے کی اطلاعات آرہی ہیں جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
عالم خان ادینزئی ایڈوکیٹ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور صوبہ کا وزیراعلی ہے، صوبے کے چیف ایگزیکٹیو کی گرفتاری سے وفاق کیا پیغام دینا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کو پشاور ہائیکورٹ نے ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دی ہے اور تمام درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے، اسلام آباد پولیس اگر علی امین کو گرفتار کرتی ہے تو یہ توہین عدالت ہوگی۔