علی امین گنڈاپور نے سب کچھ اسکرپٹ کے مطابق کیا ہے، خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سب کچھ اسکرپٹ کے مطابق کیا ہے، وہ پوری تحریک انصاف کو بے وقوف بنا گئے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف والوں سے پوچھیں علی امین گنڈاپور ہر بار خیبرپختونخوا ہاؤس کیوں پہنچ جاتے ہیں، انہوں نے جلسے والے دن بھی ایسے ہی کیا تھا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سب کچھ اسکرپٹ کے مطابق کیا ہے، وہ پوری تحریک انصاف کو بے وقوف بنا گئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ نئی اپ ڈیٹس خیبرپختونخوا ہاؤس کے قریب دستیاب ہوتی ہیں، اسی لیے یہ ہر بار وہاں جاتے ہیں۔ تحریک انصاف والوں کو ان سے پوچھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سافٹ ویئر آسانی سے اپ ڈیٹ ہوجاتا ہے، بس چند گھنٹے غائب ہونا پڑتا ہے، علی امین گنڈاپور صحیح طریقے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ٹَکر دے رہے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی کارکنان کے قافلے کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کرنے کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔
اسلام آباد پہنچتے ہی علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا ہاؤس روانہ ہوئے، جہاں رینجرز نے ان کو تحویل میں لے لیا۔ اس کے بعد سے وہ غائب ہیں اور تحریک انصاف کی جانب سے حکومت پر ان کے اغوا کا الزام لگایا جارہا ہے۔
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہاکہ رینجرز اہلکار جونہی کے پی ہاؤس کے اندر آئے تو تمام اسٹاف کو باہر نکال دیا اور علی امین گنڈاپور کو گھیرے میں لے لیا۔
انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنا توہین عدالت ہوگی کیونکہ پشاور ہائیکورٹ نے ان کی راہداری ضمانت منظوری کی ہوئی ہے۔