احتجاجی مظاہرین کے تشدد کا نشانہ بننے والے پولیس اہلکار حمید شاہ دم توڑ گئے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی پر احتجاجی مظاہرین کے پتھراؤ اور تشدد سے شدید زخمی ہونے والا پولیس اہلکار حمید شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی پر احتجاجی مظاہرین کے پتھراؤ اور تشدد سے شدید زخمی ہونے والا پولیس اہلکار عبدالحمید کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہفتہ اتوار کی شب، آخری پہر تقریباً 3 بجے دم توڑ گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کا پرتشدد احتجاج پولیس افسر کی جان لے گیا۔ شرپسند عناصر پولیس کنسٹیبل عبدالحمید شاہ کو اغوا کے بعد تشدد کرتے رہے۔ بعدازاں انہیں پمز اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق عبدالحمید 26 نمبر چونگی پر لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ وہ انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھے۔ اور ایبٹ آباد کے رہائشی تھے۔
عبدالحمید نے اسلام آباد پولیس میں 1988 میں بھرتی ہوئے۔ انہوں نے 3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کرکے ریٹائر ہونا تھا۔
ان کی نماز جنازہ آج دن 12.30 بجے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں ادا کی جائے گی۔