ریکھا شوہر کی موت کے بعد بھی ‘سندور’ کیوں لگاتی ہیں؟ وجہ سامنے آگئی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی سینیئر اور تجربہ کار اداکارہ ریکھا اپنے شوہر مکیش اگروال کی موت کے بعد بھی مختلف تقریبات میں اپنی مانگ میں سندور لگائے نظر آتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریکھا نے سال 1990 میں دلی کے صنعتکار مکیش اگروال سے شادی کی تھی لیکن اُن کی شادی صرف سات ماہ تک ہی رہ سکی تھی، اداکارہ کے شوہر نے شادی کے 7 ماہ بعد خودکشی کرلی تھی۔
ریکھا کا تعلق ہندو مذہب سے ہے اور اس مذہب میں بیوہ خاتون اپنے شوہر کی موت کے بعد مانگ میں سندور نہیں لگاتی لیکن ریکھا کو مختلف تقریبات میں سندور کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔
اداکارہ کے مداح تجسس کا شکار رہتے ہیں کہ وہ شوہر کی موت کے باوجود سندور کیوں لگاتی ہیں، تاہم اس حوالے سے ریکھا نے کئی بار بات کرکے مداحوں کے سوالات کے جواب دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2008 میں ریکھا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگ میرے سندور کی وجہ سے باتیں بناتے ہیں، سوالات کرتے ہیں لیکن میں لوگوں کی پرواہ نہیں کرتی۔
ریکھا کا کہنا تھا کہ میری مانگ میں سندور بہت اچھا لگتا ہے، اس سے میری خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ جس شہر سے میرا تعلق ہے وہاں بھی فیشن کے طور پر سندور لگایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ میں ہر وقت سندور لگا کر رکھتی ہوں۔
واضح رہے کہ ریکھا ایک زمانے میں امیتابھ بچن سے بے پناہ محبت کرتی تھیں، دونوں ستارے آخری مرتبہ 1981 میں یش چوپڑا کی فلم “سلسلہ” میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے۔
جیا بچن کے ساتھ شادی کے باوجود بھی امیتابھ بچن کے ریکھا کے ساتھ عشق کے چرچے زباں زدعام تھے حالانکہ ان تینوں نے فلم ’سلسلے‘ میں ایک ساتھ بھی کام کیا جو بعد میں بلاک بسٹر فلم ثابت ہوئی۔
دوسری جانب سالوں گزرنے کے باوجود ریکھا اور امیتابھ کا اسکینڈل آج بھی خبروں کی زینت بنتا رہتا ہے اور مداحوں کی جانب سے خیال کیا جاتا ہے کہ شاید ریکھا کے سندور لگانے کی وجہ امیتابھ بچن ہیں۔