میانوالی میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک


میانوالی(قدرت روزنامہ) مکڑوال کے قریب سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے میانوالی کو بڑی تباہی سے بچا لیا، سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 7 خطرناک نامعلوم دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 8 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ 8 اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے 6 دستی بم، سیفٹی فیوز وائر، 7 کلاشنکوف ، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کیا گیا جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے مکڑوال کے قریب ناکہ بندی کرلی جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے میانوالی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی تھی لیکن سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے میانوالی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔