سیکیورٹی خطرات، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی عمران خان کے کیسز ملتوی کرنیکی کی درخواست


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سیکیورٹی تھریٹس کے تناظر میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کی درخواست کر دی۔
سماعت ملتوی کرنے کی درخواستیں احتساب عدالت، اسپیشل جج سینٹرل اور اے ٹی سی راولپنڈی کے ججز کو بھجوائی گئیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے درخواست میں موقف اپنایا کہ چھ اکتوبر کو محکمہ داخلہ پنجاب کا خط موصول ہوا ہے جس میں جیل کی سیکیورٹی کے حوالے سے اضافی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر سیکیورٹی مشقیں کرنی ہیں۔
درخواست میں موقف دیا کہ 2100 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ اڈیالہ جیل میں 8ہزار قیدی ہیں جن میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم پیشہ افراد کے علاوہ اہم سیاسی قیدی بھی ہیں۔ سیکیورٹی تھریٹس کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی کو بڑھانا ہے لہٰذا 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، توشہ خانہ ٹو کیس اور نو مئی کے کیسز کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائیں۔
درخواست کے ساتھ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا آئی جی جیل خان جات اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو لکھا گیا خط بھی منسلک کیا گیا ہے۔