اسلام آباد(قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حماس نے اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں کے خواب چکناچور کردیے .
7 اکتوبر طوفان الاقصی آپریشن کا ایک سال پورا ہونے پر میلوڈی مارکیٹ اسلام آباد میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج طوفان الاقصی حملے کو ایک سال بیت گیا اور چالیس ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، یوم یکجہتی غزہ منایا جارہا ہے اور پورا پاکستان سڑکوں پر ہے .
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دیگر ممالک اسرائیل کی سرپرستی کررہے ہیں، مسلمان ممالک کے حکمران آج بھی سوئے ہوئے ہیں اور غزہ پر بات کرتے ہوئے ڈرتے ہیں .
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے حکومت اور اپوزیشن سے بات کی، جماعت اسلامی کی تجویز پر وزیر اعظم شہبازشریف نے آل پارٹیز کانفرنس برائے یکجہتی غزہ بلائی ہے جس میں تقریبا تمام سیاسی جماعتیں شریک ہورہی ہیں .
امیر جماعت اسلامی نے زور دیا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں کے خواب حماس نے اپنی قربانیاں دے کر چکنا چور کردیے، لوگ پوچھتے ہیں حماس نے سات اکتوبرکو اسرائیل پر حملہ کیوں کیا ، فلسطینی 2023 سے نہیں 1948سے لڑ رہے ہیں، لاکھوں شہید ہوچکے وہ کسی کو نظر نہیں آیا، امن کے دعویداروں کو بچوں کا قتل عام کیوں نظر نہیں آتا؟
انہوں نے مزید کہا کہ آج تک امریکہ اسرائیل کو 310ارب ڈالر کا اسلحہ دے چکا ہے، بھارت، اسرائیل، امریکہ ملکر غزہ پر مظالم کررہے ہیں، یورپی ممالک میں اسرائیل کی زیادہ سے زیادہ مدد کا مقابلہ جاری ہے، یہ ممالک اسرائیل کی دہشتگردی کے سرپرست ہیں ، امریکہ کا چہرہ ہیروشیما ناگا ساکی پر ایٹم بم پھینک کر عیاں ہواتھا اب مزید ہوگیا .
علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی جانب سے سندھ اسمبلی میں بھی یوم یکجہتی فلسطين منایاگیا جس میں اسپیکر اسمبلی اویس قادرشاہ، جماعت اسلامی کے رہنمامحمد حسین محنتی، مولانااسدااللہ بھٹو اور محمدفاروق سمیت دیگرشریک ہوئے .
ادھر فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے استنبول چوک، لاہور پریس کلب، وحدت روڈ، کلمہ چوک سمیت لاہور بھر میں متعدد مقامات پر مظاہرے ہوئے .