شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا پاکستان میں 5 ہزار اسکول تعمیر کرنے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے پاکستان میں 5 ہزار نئے اسکول تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے کے ایس ریلیف نے مختلف تنظیموں کے ساتھ کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کر دیے ہیں۔
اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور بین الاقوامی اور مقامی انسانی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی حکومت و عوام کی طرف سے سلطنت سعودی عرب کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ اچھے برے وقت میں ہمارا ساتھ دیا، آج دستخط کیے گئے منصوبے دونوں ملکوں کے بھائی چارے اور قربت کا اظہار ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کی کامیابیوں پر خوش ہوتے ہیں۔
سعودی عرب کی مدد سے پاکستان اپنے قدموں پر کھڑا ہوگیا ہے، اسحاق ڈار
اسحق ڈار نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا تھا، سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی، سال 2005 میں پاکستان میں زلزلہ آیا تو اس وقت بھی سعودی عرب نے محبت اور کشادہ دلی سے ہماری مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوام اور سعودی عرب جیسے دوست ممالک کی مدد سے دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا ہوگیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ آج شاہ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت کے درمیان تعلیم، صحت اور بحالی کے منصوبوں کے لیے مشترکہ تعاون کے پروگراموں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کر کے بہت خوشی ہوئی۔
سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، سفیر نواف بن سعید المالکی
انہوں نے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، پاکستانی حکومت، انجینئر احمد علی البائز اور شاہ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر انسانیت کی خدمت میں سب سے آگے ہے، یہ سنٹر برادر ملک پاکستان اور اس کے عوام کے لیے عظیم خدمات سرانجام دے رہا ہے اور ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ وہ اس موقع پر اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں مملکت سعودی عرب کی حکومت کے پختہ عزم کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ہمارے برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے ہمیشہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
منصوبوں پر 14 ملین ڈالر خرچ ہوں گے، کے ایس ریلیف
کے ایس ریلیف سینیٹر کے اسسٹنٹ ریلیف سپروائزر جنرل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے ایس ریلیف سینٹر کے دنیا بھر میں 368 منصوبے ہیں جن سے ضرورت مند مستفید ہو رہے ہیں، پاکستان میں صحت اور تعلیم کے مختلف منصوبے شروع کر رہے ہیں جن پر 14 ملین ڈالرز خرچ ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے علاقوں میں 4 اسکول بنائیں گے اور اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 5 ہزار اسکولز تعمیر کیے جائیں گے، ہر سال 300 اسکول بنا کر دیے جائیں گے، اب تک 12 ارب ڈالرز کی خطیر رقم سے 247 منصوبے مکمل کیے ہیں۔