بھارت کے معروف ترین صنعت کار رتن ٹاٹا کا انتقال ہوگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت کے حامل صنعت کار رتن ٹاٹا انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 86 برس تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پیر کے روز رتن ٹاٹا کی طبیعت انتہائی خراب ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں اور ان کے بارے میں بتایا جا رہا تھا کہ وہ ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل ہیں۔ تاہم ان کے ایکس اکاؤنٹ پر یہ بتایا گیا تھا کہ ان کی طبیعت ٹھیک ہے اور وہ میڈیکل چیک اپ کی غرض سے اسپتال گئے ہیں۔
رتن ٹاٹا بھارت کے صنعتی شعبے کی ایک معروف تریبن شخصیت تھے۔ وہ سنہ 1991 تا سنہ 2012 گاڑیوں اور اسٹیل کی صنعت سے منسلک ٹاٹا گروپ کے چیئرمین بھی رہے۔
بعد ازاں انہوں نے ٹاٹا سنز، ٹاٹا انڈسٹریز، ٹاٹا موٹرز، ٹاٹا اسٹیل اور ٹاٹا کیمیکلز کے ایمیریٹس کے چیئرمین کے طور پر فرائض انجام دیے۔ ان کی کمپنی ٹاٹا موٹرز نے ایک ایسی گاڑی بھی متعارف کروائی جسے دنیا کی سستی ترین گاڑی کہا گیا۔
ان کے انتقال پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ رتن ٹاٹا ایک زیرک کاروباری شخصیت اور غیرمعمولی شخصیت کے حامل تھے۔
انہوں نے ملک کے پرانے اور معروف کاروباری اداروں میں سے ایک کو مستحکم قیادت فراہم کی۔