شرارت کیوں کی، کوئٹہ کے اسکول پرنسپل کا 10 سالہ طالبعلم پر پلاسٹک پائپ سے بیہمانہ تشدد


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں اسکول پرنسپل نے 10 سالہ طالبعلم کو شرارت کرنے پر بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق، کلی شابو بوائز ریزیڈینشل اسکول کے پرنسپل نے شرارت کرنے پر10 سالہ طالبعلم محمد عیان کو 2 افراد کے ساتھ مل کر مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ مذکورہ دونوں افراد نے بچے کے ہاتھ پاؤں پکڑے جبکہ پرنسپل بچے پر پلاسٹک کا پائپ برساتا رہا۔
تشدد کے باعث بچہ نیم بیہوش ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ محمد عیان کے جسم اور پیروں کی تلیوں پر شدید تشدد اور زخموں کے نشانات ہیں۔
بچے کے والد نے مزید بتایا کہ بچے پر تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف ائیر پورٹ روڈ تھانے میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، تشدد میں ملوث دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ اسکول پرنسپل تاحال فرار ہے۔