مریم نواز کو گرفتاری کے بعد کن حالات میں رکھا گیا تھا؟ کئی سال بعد خود ہی بتادیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب و سینیئر رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز نے اپنی گرفتاری کے دوران جیل کے حالات پر لب کشائی کی ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ ماضی میں جب مجھے قید کیا گیا تو سزا کے طور پر جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا جہاں ہریالی یا آسمان نظر نہیں آتا تھا۔
انہوں نے کہاکہ 6 ماہ بعد جب قید سے واپس آئی تو زیادہ وقت لان میں بیٹھ کر گزارتی تھی۔
مریم نواز نے اپنے خطاب کے دوران پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ایک ٹولہ ہے جو کہتا ہے کہ کام کرنا بھی نہیں اور کسی کو کرنے بھی نہیں دینا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آئے روز احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کی روایت بہت غلط ہے، پی ٹی آئی کو سیاسی اسموگ پھیلانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، کچھ بھی ہوجائے ہم ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
مریم نواز نے کہاکہ ایک صوبہ پورے ساز و سامان کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہوا، اقتدار کی ہوس رکھنے والوں نے ملک میں افراتفری کا منصوبہ بنایا۔
انہوں نے کہاکہ آئے روز احتجاج ہوتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ جلادو تباہ کردو آگ لگا دو، ہم دنیا کو ملک کا کونسا چہرہ دکھا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ احتجاج کے لیے خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کا استعمال کیا گیا اور ان کے پولیس اہلکار ابھی بھی اسلام آباد پولیس کی تحویل میں ہیں۔
واضح رہے کہ مریم نواز کو پہلی بار 2018 کے عام انتخابات سے قبل اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ لندن سے لاہور ایئرپورٹ پہنچی تھیں۔