صدر مملکت سے عالمی کراٹے کومبیٹ چیمپیئن شپ کے فاتح شاہ زیب رند کی ملاقات، 10 کروڑ روپے کے چیک کا تحفہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر شاہ زیب رند کو عالمی کراٹے کومبیٹ چیمپیئن شپ سنگاپور جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اس کارنامے پر 10 کروڑ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔
شاہ زیب رند نے بدھ کو صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے کراٹے کے کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے پر شاہ زیب رند کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے بس انہیں مواقع دیے جانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے شعبے میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شاہ زیب خان رند مستقبل میں بھی ملک کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔
یاد رہے کہ شاہ زیب رند حال ہی میں سنگاپور میں ہونے والی عالمی کراٹے کومبیٹ چیمپیئن شپ میں برازیل کے فائٹر برونو روبرٹو ڈی ایسز کو شکست دے کر عالمی چیمپیئن بنے ہیں۔
واضح رہے کہ مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر شاہ زیب رند نے یہ شکوہ کیا تھا کہ وطن واپسی پر اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر ان کے استقبال کو کوئی بھی سرکاری شخصیت نہیں آئی تھی۔
ستمبر کے آخری ہفتے میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کراٹے کھلاڑی شاہ زیب رند نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ مارشل آرٹ میں ورلڈ ٹائٹل پاکستان آیا ہے۔
انہوں نے شکایت کی کہ ان کے برعکس جب ارشد ندیم طلائی تمغہ لے کر وطن پہنچے تھے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں نے بھی ورلڈ ٹائٹل جیت کر ملک کا نام روشن کیا پھر اس طرح کھلاڑیوں میں تفریق کرنا کوئی مناسب بات نہیں۔